شریف برادران اپنی چوری بچانے دوسرے ملک گئے، عمران خان
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ شریف برادران اپنی چوری بچانے دوسرے ملک گئے لیکن اب یہ کہیں بھی چلے جائیں قوم ان کا این آر او قبول نہیں کرے گی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کے بیان پر عمران خان نے کہاکہ ٹرمپ کو افغانستان جنگ کا کوئی علم نہیں، اسے پاکستان کے دشمنوں نے بریف کیا، جو حقائق جانتا ہے وہ ٹرمپ کے بیان کو ماننے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستان کا نقصان ہوا، ہماری معیشت کو 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، 70 ہزار لوگ مارے گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ کہا کہ یہ ہماری جنگ نہیں، اس میں نہیں جایا جائے، آج بدقسمتی ہے جو ڈالر ٹرمپ گنوا رہا ہے اسی ڈالرز نے تباہی مچاہی، اب ذلت بھی مل رہی ہے، پاکستان نے قربانیں بھی دیں، اپنا نقصان کرایا لیکن اس کے بعد پھر ہمیں ذلیل کیا جارہا ہے‘۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر میں عقل کی کمزوری ہے، وہ ہمارے دشمنوں کے ایجنڈے پر چل رہا ہے، ہمیں اب سبق سیکھنا چاہیے کہ پیسے لےکر کسی اور کی جنگ لڑیں گے تو ذلت اور تباہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے کہا کہ یہ ہماری جنگ نہیں تو مجھے طالبان خان کہا جاتا تھا، میرا مذاق اڑایا گیا مجھے رائٹسٹ کہا گیا لیکن آج حقائق سامنے آگئے‘۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’اگر عدالت نے گرفتاری کا حکم دیا تو گرفتار ہوں گا‘۔
شریف برادران کے دورہ سعودی عرب پر رد عمل
شریف برادران کے دورہ سعودی عرب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے رہے کہ اقامے پر نکالا، اقامے پر اصل چیز سامنے آئی ہے کہ ایف زیڈ ای میں کوئی بزنس نہیں تھا، اس میں کروڑو ڈالر جاتے تھے جو سعودی عرب میں ہل میٹل کے لیے بھی منتقل ہوتے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ دونوں بھائی سعودی عرب گئے، ان کو اتنی سی بھی شرم ہو تو ڈوب جائیں، ساری قوم کے سامنے ہے کہ دونوں چوری بچانے کے لیے دوسرے ملک گئے، یہ این آر او لینے گئے لیکن اب جہاں مرضی چلے جائیں انہیں پتا ہونا چاہےکہ قوم کو پہلا این آر او سمجھ نہیں آیا، سپریم کورٹ نے این آر او کو رد کیا، آج قوم کھڑی ہے، ان کا کوئی این آر او قبول نہیں کرے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب یہ باہر کی قوت کو کہہ رہے کہ ہمیں بچاؤ، یہ قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، اب اگر این آر او کی خوشبو بھی آئی تو قوم سڑکوں پر نکلے گی اورشاہد خاقان کی حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کے لیے تیار ہے بلکہ جلد الیکشن چاہتی ہے، حالات سب کے سامنے ہیں، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، شاہد خاقان کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں، انہوں نے اسحاق ڈر کو ملک سے باہر بھگادیا، حکومت کا کام چوروں کو بچانا رہ گیا ہے اور کوئی کام نہیں ہورہا، ڈالر اوپر جارہا ہے اور معاشی حالات خراب ہیں، قرض بڑھتے جارہے ہیں۔
عمران خان نے شاہ رخ خان کا ڈائیلاگ دُہرایا
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عدالت سے ضمانت منظور ہونے پر سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی۔ عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں بالی وڈ کی فلم ’مائی نیم از خان‘ میں شاہ رخ خان کے ڈائیلاگ کا سہارا لیا اور لکھا کہ ’میرا نام خان ہے اور میں دہشت گرد نہیں‘۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے چوروں کے بعد مجھے صادق اور امین قرار دیا۔