امریکا اپنی ناکامی کا ملبہ ہماری دہلیز پہ نہ رکھے، خواجہ آصف
وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا ہماری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھے اور اب ہمارے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکا کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ پوچھتے ہو کہ کیا کیا؟ ایک آمر نےفون کال پہ سر نڈر کیا، وطن کو بارود و خون سے نہلایا، افغانستان پر اپنے اڈوں سے تمہارے 57800 حملے ہوئے، ہماری گزرگاہوں سے تمہارا اسلحہ اور بارود گیا، جب کہ ہزاروں سویلین، فوجی، بریگیڈیئر، جنرل اور جواں سال لیفٹیننٹ آپکی چھیڑی جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جو آپ کا دشمن وہ ہمارا دشمن ہے، ہم نے گوانتانامو بے کو بھر دیا، ہم آپ کی خدمت میں اتنے مگن ہوئے کہ پورے ملک کو 10 سال تک لوڈشیڈنگ اور گیس شارٹیج کے حوالے کیا، معیشت برباد ہوگئی لیکن خواہش تھی آپ راضی رہیں، ہم نے لاکھوں ویزے پیش کیے بلیک واٹر، ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک جگہ جگہ پھیل گئے۔ وزیر خارجہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ 4 سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں، ہماری افواج بے مثال جنگ لڑ رہی ہے، قربانیوں کی لامتناہی داستاں ہے جب کہ ماضی سکھاتا ہے امریکا پر اعتماد میں احتیاط برتو، ہماری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھو، آپ خوش نہیں اس کا افسوس ہے مگر اب ہمارے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ واضح رہے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرز نے پاکستان پر ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مزید کوشش کرے کیونکہ ہمیں پتا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے مزید اقدامات کر سکتا ہے۔