بھارتی دباؤ پہ معطل ہونیوالے فلسطینی سفیر ولید ابوعلی عہدے پہ بحال
اسلام آباد: بھارت کے دباؤ پر معطل کیے جانے والے پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر ولید ابوعلی کو سفیر کے عہدے پر دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر ولید ابوعلی کو عہدے پر دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ولید ابو علی کی سفیر کے عہدے پر بحالی کا فیصلہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے کیا، جس کے بعد ولید ابو علی آئندہ ہفتے تک پاکستان پہنچیں گے اور میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ولید ابو علی کے اہل خانہ اور بچے ابھی پاکستان میں ہی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام مقبوضہ بیت المقدس کی حمایت میں جلسہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید اور فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے بھی شرکت کی، جس پر بھارت نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فلسطینی حکام سے احتجاج کیا۔ حکام نے بھارتی دباؤ پر اپنے سفیر ولید ابو علی کو پاکستان سے واپس بلا لیا تھا، تاہم ولید ابوعلی کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔