اسلام آباد

پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی نے استعفے میرے پاس جمع کرادیے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے میرے پاس جمع کرا دیے ہیں اور مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کروں گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ عمران خان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے مشکل میں پھنستے ہی سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہو جاتا ہے، کراچی میں نقیب اللہ محسود کی ماورائے عدالت ہلاکت اور قصور میں بچی کا زیادتی کے بعد قتل جیسے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیس کرپٹ ہے اور تمام صوبوں میں پولیس اصلاحات ضروری ہیں۔

پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کے اپنے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان اسمبلی نے استعفے میرے پاس جمع کرا دیئے ہیں اور مشاورت کے بعد اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کروں گا۔ قومی اسمبلی میں اپنے خلاف منظور ہونے والی قرارداد کے بارے میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ جرائم پیشہ اور کرپٹ عناصر ہیں جو میرے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، یہ لوگ اندر سے ملے ہوئے ہیں اور ان کے مفادات ایک ہیں۔

عمران خان نے فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے معاملے پر مولانا فضل الرحمن بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، فاٹا میں موجود خلا پُر نہ کیا تو انتہا پسندی بڑھے گی۔ عمران خان نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کے حلف نامے میں ختم نبوت ﷺ سے متعلق ترمیم کے ذمے دار کا تعین ہونا باقی ہے، ترمیم کی تحقیقات کرنے والی راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے، ختم نبوت کے معاملے کو عوام کو بھولنے نہیں دیں گے، بتایا جائے کہ حلف نامے میں تبدیلی کیوں کی گئی، نواز شریف عدلیہ پر حملے کررہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار عدالت نے شریف خاندان کو پکڑا ہے اور اسے سزا ہونے جارہی ہے، اسی لیے نواز شریف چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح سزا سے بچ جائیں، کیونکہ اگر انہیں سزا ہوگئی تو بیرون ملک ان کی اربوں ڈالر کی جائیداد منجمد ہوجائے گی۔ عمران خان نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر امریکا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے انتشار بڑھے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیصلہ واپس لیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا ڈھیلا کتنے سو ارب روپے کا ہے جس کے بارے میں وہ کہتا ہے کہ ایک ڈھیلے کی کرپشن بھی نہیں کی، ہم پنجاب میں کرپشن کا ڈیٹا خود اکٹھا کریں گے، شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو برا بھلا کہا تو عوام انہیں انڈے ماریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close