اسلام آباد

شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں تالیاں پر لیگی ممبر قومی اسمبلی نے معافی مانگ لی

اسلام آباد: گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زینب کے قتل کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران جے آئی ٹی ممبران کے لئے تالیاں بجانے کے واقعے پر قصور سے مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی رانا حیات نے پوری قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام ” کپیٹل ٹاک “ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قصور سے منتخب ایم این اے رانا حیات کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں جس وقت قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ تقریر کر رہے تھے ، میں اس وقت اسمبلی میں موجود تھا ، اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے بعد میں نے اس پر بات کرنے کی کوشش کی مگر مجھے موقع نہیں دیا گیا۔ لیگی ایم این اے کا مزید کہنا تھا کہ قصور میں جو ظلم ہوا ، اس پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ شہباز شریف کی قیادت میں جن لوگوں نے اس کیس کو حل کرنے میں کردارادا کیا ، وہ سبھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پریس کانفرنس کے دوران غیر ارادی طور پر تالیاں بجائی گئیں، یہ سب کچھ اچانک ہوا اور میں پنجاب حکومت ، مسلم لیگ(ن) کی طرف سے قوم سے معافی مانگنے کو تیارہوں ۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے زینب کے قاتل کو پکڑنے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کیا ، پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کیس کی تحقیقات کرنے والے جے آئی ٹی ممبران کو سٹیج پر بلایا، شہباز شریف ممبران کے نام پکار ہی رہے تھے کہ اس اثنا میں ہال سے جے آئی ٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تالیوں شروع ہوگئیں۔ ان تالیوں کی گونج میں وزیر اعلیٰ نے بھی کہہ دیا کہ تمام لوگ اس ٹیم کے لئے ایک بار تالیاں بجائیں۔ وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی اس کی مذمت کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close