اسلام آباد

پاناما لیکس کی تحقیقات ہونے تک نوازشریف کسی اور کووزیراعظم بنادیں، عمران خان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے پاس وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا اس لیے اب وہ پاناما معاملے کی تحقیقات ہونے تک کسی اور کو وزیراعظم بنادیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس اپوزیشن کی طرف سے نہیں اُٹھایا گیا، یہ ایک عالمی معاملہ ہے، اس میں دنیا کے کئی لوگوں کے نام آئے ہیں اور کسی کسی کا نام بھی غلطی سے نہیں آیا جب کہ برطانوی وزیراعظم کا نام آنے پر انہوں نے پارلیمنٹ میں صفائی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق وزیراعظم اور کابینہ عوام اور پارلیمنٹ کو جواب دہ ہیں، وزیراعظم نواز شریف کو پارلیمنٹ کے سامنے جواب دینا چاہیے تھا، وزیراعظم اگر ان کے 4 سوالوں کےجواب دے دیتے تو بات ختم ہوجاتی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ جلسے کررہے ہیں، 30 سال میں وزیراعظم ایسا اسپتال نہیں بناسکے جہاں وہ ٹیسٹ کرا سکیں اور اب ہر جگہ ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا جارہا ہے، نوازشریف کے پاس وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا ہے لہٰذا وہ پاناما معاملے کی تحقیقات ہونے تک کسی اور کو وزیراعظم بنادیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں کرپشن کرنے والوں کو آج تک نہیں پکڑا گیا، ہمیں ملک سے کرپشن ختم کرنے کا سنہری موقع ملا ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنے، اگر اس معاملے کی تحقیقات نہ ہوئی تو پھر تحریک انصاف تحریک چلائے گی۔

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سابق گورنر خیبرپختونخوا افتخار حسین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر عمران خان نے انہیں مبارکباد دی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close