چیئرمین نیب کا افسران کو بغیر اجازت کوئی بھی شکایت ختم نہ کرنے کا حکم
چیئرمین نیب جاوید اقبال نےادارے میں درج شکایت ختم کرنے کی کارروائی اپنی اجازت سے مشروط کردی ہے ۔ قومی احتساب بیورو(نیب) کا اجلاس چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں بدعنوانی کی موصولہ شکایات پر کارروائی کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور، پراسیکیورٹر جنرل نیب اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے ہدایات دیں کہ نیب میں شکایات کا عمل آسان بنایا جائے اور پیش رفت سے شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جائے، کوئی بھی شکایت ردی کی ٹوکری میں نہ جائےاور ہر شخص کی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی ہو جب کہ تمام شکایات کو جلد از جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔نیب کے سربراہ نے افسران و ملازمین کو کوئی بھی شکایت بلااجازت خارج کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں درج کسی بھی شکایت کو چیئرمین کی منظور کے بغیر ختم نہ کیا جائے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ ہیڈ کوارٹرز اور تمام نیب کے ریجنل بیوروز میں شکایات سیل قائم کئے جائیں گے، آئی ٹی سیل، پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویژن مل کر ایک قابل عمل حکمت عملی بنائیں۔