چیف جسٹس نے میمو گیٹ کی سماعت کیلیے 3 رکنی بینچ تشکیل دیدیا
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے میمو گیٹ کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ تشکیل دیا ہے جو 8 فروری سے کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے میمو گیٹ اسکینڈل کے لئے بنچ تشکیل دیا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 8 فروری کو سماعت کرے گا۔ اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران میموگیٹ کیس کی فائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ایک ایسے پاکستانی بھی ہیں جو عدالت سے وعدہ کر کے واپس نہیں آئے، حسین حقانی کہاں ہیں، کیا حسین حقانی کو بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ملے گی، کیوں نا انہیں نوٹس کرکے بلا لیں، حسین حقانی پاکستان آکرمیمو گیٹ کا سامنا کریں۔ واضح رہے میمو کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دور میں امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی کو میمو اسکینڈل کا ذمہ دار قرار دیا تھا لیکن حسین حقانی وطن واپسی کی یقین دہانی کرا کے امریکا چلے گے تھے۔