جنہوں نے پارلیمنٹ کو گالیاں دیں انہیں اپنے ہاتھ سے جوتے ماروں گا، عابد شیرعلی
وفاقی وزیر توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ یہاں آصف زرداری جیسے سیاستدان ہیں، انہوں نے نوازشریف کی اچھی روایت کو ختم کر کے گند ڈالا، آصف زرداری لوٹی ہوئی دولت سے ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں، آصف زرداری نے بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کی اور (ن) لیگ کے لوگوں کو خریدا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پیسے ایان علی کے ذریعے ملک سے باہر جاتے رہے ہیں، ان کی آنٹی ایان علی لاکھوں ڈالر لے جاتی پکڑی گئی، یہ پیسے کے استعمال سے سیاست کو گندا کر رہے ہیں، بے ضمیر زرداری ضمیر کا سودا کرنے آئے ہیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ شیخ رشید انتشار کی سیاست چاہتے ہیں، جنہوں نے پارلیمنٹ کو گالیاں دیں ان کو اپنے ہاتھ سے جوتے ماروں گا، سائیکل پر جانے والے شیخ رشید ارب پتی کیسے بن گئے،؟ ان کا آڈٹ کون کرے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے کے انجن چوری کرکے بیچے، شیخ رشید کا بھی پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکالی جائے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ شروع سے کہتے تھے کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا ہے، ہیلی کاپٹر کو ییلو کیب کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان نے ہیلی کاپٹر سے کے پی کے حکومت کو نقصان پہنچایا، یہ کوئی پنکی آنٹی کا ہیلی کاپٹر نہیں۔