پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، سینٹ الیکشن کیلئے اُمیدواروں کے ناموں کی منظوری
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کیلئے خیبر پختونخوا سے 6 اُمیدواروں کے ناموں کی منظوری دیدی ہے۔ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کی۔ اجلاس میں سینٹ کے الیکشن کیلئے اُمیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دی گئی جن میں خیبر پختونخوا اسمبلی سے اعظم سواتی، فیصل جاوید، خیال زمان، فدا حسین، ایوب آفریدی اور خواتین کی نشست پر مہر تاج روغانی شامل ہیں جبکہ چوہدری سرور پنجاب سے تحریک انصاف کے سینٹ کے امیدوار ہوں گے۔ تحریک انصاف کے اجلاس میں مخالفت کے باعث مولانا سمیع الحق کا نام منظور نہ ہوسکا۔ یاد رہے کہ مدت پوری ہونے پر سینیٹ کی 52 نشستیں خالی ہوگئی ہیں جن کیلئے الیکشن کمیشن نے 3 مارچ کو انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ انتخابابی شیڈول کے مطابق امیدوار کل 6 فروری تک اپنے کاغذات جمع کرسکتے ہیں، سینیٹ انتخابات چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ہوں گے۔