نواز شریف کے نظریہ کے مطابق وزیراعظم کو کرپشن کی اجازت ہے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی نظر میں منتخب وزیراعظم کو ہر قسم کی کرپشن کی اجازت ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں گزشتہ روز پشاور میں نواز شریف کے جلسہ عام میں خطاب سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز نواز شریف نے جمہوریت اور وزیر اعظم سے متعلق اپنے نظریے کی وضاحت کردی ہے، نواز شریف کے تصور جمہوریت کے مطابق وزیراعظم ریاستی اداروں کو گالی، پارٹی ممبران سے سپریم کورٹ پر الزام تراشی، پیسوں سے بھرے بریف کیس ججوں کو دے سکتا ہے، اس پر اس سے کوئی سوال نہیں پوچھا جاسکتا کیونکہ وہ وزیراعظم ہے اور ریاستی قانون سے بالاتر ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور اثاثوں کو چھپا سکتا ہے کیونکہ اسے عوام نے منتخب کیا ہے، وزیراعظم پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بھی بول سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہمیشہ کی طرح خیبر پختونخوا حکومت سے متعلق جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت 350 چھوٹے ہائیڈل پاور اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔ بلین ٹری شجر کاری سے متعلق عمران خان نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کا آڈٹ عالمی تنظیم ورلڈ وائلڈ فاؤنڈیشن نے کیا ہے، انٹر نیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر جیسی تنظیم نے اسے کامیاب قرار دیا ہے۔