نواز شریف اب کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے لگ گئے ہیں: فواد چوہدری
اسلام آباد: ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بجائے آج بھی نواز شریف نے اپنا ہی رونا رویا اب وہ کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے لگ گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مظفر آباد میں کی جانے والے تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ10سال میں کتنے کشمیری بھارتی مظالم کی بھینٹ چڑھے ان کو معلوم نہیں ہوگا،10 کشمیریوں پرایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہلی نواز شریف کے لیے نفسیاتی عارضے کا سبب بن گئی ،مقام عبرت ہے کہ ابھی حکومت ان کی ہی ہے لیکن نواز شریف دربدر ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف صاحب آپ کے خلاف لندن میں بھی تحقیقات شروع ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ مظفر آباد میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقد جلسے میں پی ایم ایل ن کے صدر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔نواز شریف نے کہا پاکستان سے نااہل ہوگیا ہوں لیکن آزاد کشمیر کے لئے اہل ہوں، یہاں تو نااہل نہیں ہوا، جب تک وہاں فیصلہ نہیں ہوتا میری ڈیوٹی یہاں لگنی چاہیے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جا کر لوگوں کی خدمت کروں گا۔