اسلام آباد

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماوں کی عبوری ضمانت میں توثیق کردی

اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنماوں کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی۔ خصوصی عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاری سے بھی روک دیا۔ خصوصی عدالت نے سرکاری ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عارف علوی، شیریں مزاری، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت کی توثیق پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود اور عارف علوی نے ضمانت کی درخواست دی تھی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان کے بعد شیریں مزاری کو بےقصور قرار دے دیا۔

عدالت نے شیریں مزاری کی طرف سے جمع کریا گیا ایک لاکھ روپے کا مچلکہ بھی واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات میں ناقابل ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں، ملزمان چھبیس پولیس اہلکار زخمی ہونے اور تین افراد کے جاں بحق ہونے کے ذمہ دار ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں قتل کی دفعہ بھی شامل ہے، ملزمان کا عمل صرف دہشتگردی نہیں بلکہ آئین اور قانون کے ساتھ بغاوت بھی تھا، منتخب وزیراعظم کو دھمکی دی گئی کہ استعفٰی دے دیں ورنہ ہم قبضہ کرلیں گے، اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھی ملزمان کی طرف سے کوشش کی گئی۔

سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان سے باقاعدہ تفتیش کرنا چاہتے ہیں ضمانت منظور نہ کی جائے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تین افراد ہمارے قتل ہوئے الٹا مقدمہ بھی ہم پر بنا دیا گیا، درخواست گزاروں میں کسی سے بھی اسلحہ برآمد نہیں ہوا، غلیل، بنٹوں اور ڈنڈوں سے بندہ نہیں مرسکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close