الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کے لئے اہل سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست تیار کرلی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کے لئے اہل سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست تیار کرلی۔ کمیشن میں رجسٹرڈ 70 سیاسی جماعتوں میں سے 31 سیاسی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل قرار پائی ہیں۔ الیکشن کمیشن سے حاصل کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق اب تک صرف 70 سیاسی جماعتیں بطور سیاسی جماعت رجسٹر ہونے کی بنیادی شرائط پوری کر سکی ہیں۔ الیشکن کمیشن حکام کے مطاق کل ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد، آئندہ عام انتخابات میں انتخابی نشانات کے لئے اہل سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ اسلام ٹائمز کو دستیاب دستاویز کے مطابق، الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ 70 میں سے 31 سیاسی جماعتوں نے انتخابی نشان حاصل کرنے کی شرائط پوری کر لی ہے۔
انتخابی نشان حاصل کرنے کے لئے بروقت پارٹی انتخابات اور سالانہ اثاثہ جات کی تفصیلات، الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا دو اہم ترین بنیادی شرائط ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کی گئی نئی فہرست میں پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز، مسلم لیگ نواز اور تحریک انصاف شامل ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی شامل بھی نئی فہرست کا حصہ ہیں۔ جمیعت علمائے اسلام، نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق بھی فہرست میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
عوامی مسلم لیگ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک لبیک پاکستان بھی اہل جماعتیں قرار پائی ہیں۔ سلم لیگ فنکشنل، نیشنل پارٹی، قوی وطن پارٹی نے بھی شرائط پوری کر لی ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور پاک سرزمین پارٹی بھی فہرست میں شامل ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان بھی انتخابی نشان کے لئے اہل ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو بھی اہل جماعتیں قرار پائی ہیں۔
آئندہ عام انتخابات میں انتخابی نشانات کے لئے اہل قرار پانے والی دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں میں عوامی ورکرز پارٹی، مستقبل پاکستان، اللہ اکبر تحریک، امن ترقی پارٹی، برابری پاکستان پارٹی، ہمدردان وطن پاکستان، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، پاکستان راہ حق، عام لوگ پارٹی پاکستان اور پاکستان کنزرویٹو پارٹی شامل ہیں۔