پشتون قوم مزید ظلم و زیادتی برداشت نہیں کریںگے، اصغر خان اچکزئی
اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے پشتون دھرنے کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باچا خان کی فکری اور سیاسی تحریک ثمر آور ثابت ہورہی ہے۔ آج پشتون اپنے حقوق کے حصول کے لئے جرگے کی صورت اکھٹے ہو کر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ بس بہت ہوگیا، پشتون مزید کسی قسم کا ظلم و ستم اور زیادتی برداشت نہیں کرسکتے۔ ظلم اور جبر سے زندہ قوموں کو ختم کیا جاسکتا تو آج دنیا میں افغانوں کا نام و نشان نہیں ہوتا۔ مگر قوموں کو ظلم اور جبر سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ہم اپنے نوجوانوں کو مزید تسلی نہیں دے سکتے۔ حکمران بتائے کہ وہ پشتون نسل کشی جاری رکھتے ہیں یا اس عمل سے ہاتھ کھینچتے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ پنجاب کا وزیراعلٰی بھارتی پنجاب کے غیر مسلم وزیراعلٰی سے تعلق رکھ سکتا ہے۔؟ میں اپنے پشتون مسلمان بھائی سے تعلق نہیں رکھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں پشتون قومی جرگے اور پشتون تحفظ موومنٹ کے زیراہتمام منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھی جائے تو معلوم ہوگا کہ کوئی بھی قوت زندہ اقوام کو صفحہ ہستی سے جبر اور ظلم کے ذریعے ختم نہیں کر پائی۔ آج یہاں اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے قبائلی عمائدین، طلباء وطالبات، سیاسی کارکن اور سول سوسائٹی کے نمائندے اپنے جائز مطالبات کے لئے بیٹھے ہیں۔ اس وقت کوئٹہ سے لے کر پشاور اور وزیرستان تک پشتون مختلف شکلوں میں تشدد اور دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار بنے ہوئے ہیں۔ چالیس سالوں سے ان پر ایسی جنگ مسلط کی گئی ہے، جس کا ایندھن پشتون قوم بنی ہوئی ہے۔ آج کئی دنوں سے جاری اس دھرنے میں پشتون قوم کے جوان و بزرگ اور مرد و خواتین اب فکری بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ مزید کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لئے اپنے بیٹے قربان نہیں کرسکتے۔ وہ پشتون دشمن پالیسیوں کو مزید چلنے نہیں دیں گے۔ ہم حکمرانوں سے بس یہ سادہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے ان پالیسیوں سے ہاتھ کھینچا ہے یا نہیں۔