سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کے لیے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور حکومت اختیارات کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہم نہیں سمجھتےکہ ایل این جی کامعاملہ 184 (3) کے ضمن میں آتا ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر ایل این جی کی خرید وفروخت سے متعلق شکایت ہے تو نیب کے پاس جائیں۔
جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کو دیکھنے کے لیے ادارے قائم کیے گئے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔ اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ نیب چاہے تو متعلقہ افراد کو طلب بھی کرسکتا ہے۔