میرے خلاف ہونیوالی سازشوں کا عوام جواب دے رہے ہیں، نواز شریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے خلاف مقدمات اور سازشوں کا جواب عوام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میرا مقدمہ پاکستان کے عوام لڑ رہے ہیں، احتساب کے نام پر ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے لیکن عوام کا ردعمل عیاں ہے جو ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات و سازشوں کا جواب دے رہے ہیں اور ووٹ کے تقدس کی مثالیں بھی قائم کر رہے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں سے انتقام لیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف سارا زور لگایا جا رہا ہے، جنہوں نے نیب سے ریفرنسز بنوائے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہو جائے، مجھے سزا دینے کے لیے ضمنی ریفرنس تیار کئے جا رہے ہیں، حالانکہ موجودہ ریفرنس میں جان ہوتی یا کوئی ثبوت اور سچائی ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت ہی نہ ہوتی، ان ریفرنسز میں کچھ نہیں۔
ایک سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کس بات کا انتقام لیا جا رہا ہے، لیکن کل لودھراں کا الیکشن جھوٹے مقدمات کا جواب ہے، ہم سے انتقام لینے والوں سے عوام نے کل لودھراں میں انتقام لیا، کسی نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت نہیں، پہلے والے چارٹر پر ہی عمل ہوجائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا، جنہوں نے آئین توڑا اور ججز کو گرفتار کیا ان کو کوئی نہیں پوچھتا، جس پر غداری کے کیس بنے اسے گرفتار تک نہیں کیا گیا اور وہ بیرون ملک چلا گیا۔