حکومت پاکستان نے جنداللہ کو کالعدم تنظیم قرار دیدیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جنداللہ کو کالعدم تنظیم قرار دیتے ہوئے اسے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت شیڈول ون میں رکھ دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے جنداللہ کو کالعدم تنظیم قرار دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جند اللہ کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم قرار دے کر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت شیڈول ون میں رکھا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم جنداللہ سے منسلک الحرمین فاونڈیشن کو بھی کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، الحرمین فاونڈیشن پر الزام ہے کہ وہ چندہ اکٹھا کرتی رہی۔
وفاقی حکومت کے مطابق یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کے تحت اٹھائے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد گزٹ آف پاکستان نے جند اللہ کا نام دہشتت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں کراچی کے علاقے اردو بازار میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں خاتون سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔