لیبیا کشتی حادثے کا شکار 11 پاکستانیوں کی میتیں
اسلام آباد: لیبیا میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں سے 11 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی جانے والی کشتی لیبیا کے ساحل پر الٹنے سے 90 افراد ڈوب گئے تھے، جن میں 16 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔ جس میں 13 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں، جب کہ 3 افراد کی لاشیں تاحال نہیں مل سکی ہیں۔ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 میں سے 11 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں، جب کہ 2 افراد کی میتیوں کو دستاویزات مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند روز میں پاکستان لایا جائے گا۔ جاں بحق افراد کی میتیں جدہ سے ایس وی 722 کے ذریعے اسلام آباد لائی گئیں۔ اسلام آباد لائی جانے والی میتوں میں اکرام الحق، تنزیل الرحمان، عظمت بی بی، ولید اکرام، فرحان علی، محمد قاسم بیگ، محمد عزیز، کاشف جمیل، مرزا غلام فرید اور مظہرحسین شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 کا تعلق گجرات، 4 کا منڈی بہاو الدین، ایک کا راولپنڈی اور ایک کا سرگودھا سے ہے۔