اسلام آباد
عام انتخابات کے لیے 20 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2018ء کے عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام نجی پرنٹنگ پریس سے نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیلٹ پیپر کی چھپائی کا تمام کام سرکاری چھاپے خانے میں ہوگا۔
عام انتخابات کے لیے 20 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، جن پر 2 ارب روپے کے لگ بھگ رقم خرچ ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اس مرتبہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ واٹر مارکڈ والے بیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے صرف کاغذ پر ایک ارب روپے خرچ ہوں گے۔ واضح رہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں کئی بےضابطگیاں سامنے آئی تھیں، جن پر ملک کی بیشتر جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔