اسلام آباد

بنی گالہ میں کپتان کی تیسری شادی کے ولیمے کی تیاریاں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ولیمے کی تقریب چند دن تک بنی گالہ میں منعقد کی جائے گی۔ پاکستان ویو زکے مطابق تحریک انصاف نے گزشتہ روز عمران خان کی بشریٰ مانیکا سے شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر بھی جاری کی تھیں، جس کے بعد اب عمران خان کے ولیمے کی تیاریاں جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سنت نبوی صل اللہ علیہ وسلم کے مطابق سادگی سے ولیمے کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے، ولیمے کی تقریب چند دن بعد بنی گالہ میں منعقد کی جائے گی۔ جس میں پارٹی کے رہنما اور ان کے قریبی دوست شرکت کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ عمران خان اب شادی شدہ مرد بن گئے ہیں اور ان کی نیک خواہشات عمران خان کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان کے نکاح کے بعد لندن یا سعودی عرب روانگی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، چیئرمین تحریک انصاف تیسری شادی کے بعد اہلیہ بشریٰ مانیکا کو رات کو ہی لاہور سے بنی گالہ لے آئے تھے اور اس وقت بشریٰ مانیکا عمران خان کے ہمراہ بنی گالہ میں ہی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف نے آج کی تمام سیاسی مصروفیات منسوخ کر دیں جب کہ عمران خان کل سے سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ یہ عمران خان کی بشریٰ مانیکا کے ساتھ تیسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی جمائما گولڈ اسمتھ اور دوسری شادی صحافی ریحام خان سے کی تھی، جمائما سے شادی 10 سال چلی جس سے دو بیٹے ہوئے بعدازاں ریحام خان سے شادی ہوئی جو کچھ ہی عرصہ قائم رہی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close