اسمبلیوں کی مدت ایک سال تک بڑھائی جاسکتی ہے:وزیر اعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مخصو ص حالات میں حکومت کی مدت ایک سال تک بڑھائی جاسکتی ہے لیکن ہم اپنی حکومت کو طول دینے کے حق میں نہیں ہم عوام کی عدالت میں جانا چاہتے ہیں۔نجی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف گرفتاری کے لئے تیار ہیں،ان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا اس کے باوجود اگر کوئی انہیں سزا دینے پر بضد ہے تو ہم یہ جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص سابق وزیراعظم ہے اور عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے، پھر بھی ضروری ہوا تو نام ای سی ایل میں ڈال دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلہ اچھا نہیں تھا، متنازع تھا، کیا اس فیصلے کا دنیا میں کہیں حوالہ دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک ادارہ ہے اور حکومت بھی ایک ادارہ ہے، دونوں اپنا اپنا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی افواج کسی جنگ کا حصہ نہیں ہو گی، یہ معمول کا حصہ ہے جو تربیتی مقاصد کے لیے ہے۔