روس سمیت کسی بھی ملک کیخلاف پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد: ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان روس سمیت کسی بھی ملک کے خلاف پابندیوں کی مذمت کرے گا۔ اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں جب کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی بھارتی افواج رواں برس سیز فائر معاہدے کی 335 مرتبہ خلاف ورزی کرچکا ہے اور اس دوران 17 نہتے شہری شہید اور 65 سے زائد زخمی ہوئے، گزشتہ روز بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو بھی دفترخارجہ طلب کر کے احتجاج کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ان دنوں ترکمانستان کے دورے پر ہیں جہاں سے وہ افغانستان جائیں گے۔ پاکستان اور روس نے افغانستان میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو خطے کے لئے خطرناک قرار دیا، دونوں ممالک خطے میں دہشت گردی کے خلاف ناصرف نبرد آزما ہیں بلکہ ہر سطح پر دہشت گردی کی مذمت بھی کرتے ہیں، پاکستان روس سمیت کسی بھی ملک کے خلاف پابندیوں کی مذمت کرے گا، روسی ماہرین پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جدت کے لئے کام کریں گے اور ملک میں ایل این جی میں کام کرنے کو تیار ہیں۔