نیب ریفرنس: اسحٰق ڈار کے خلاف عبوری ریفرنس میں تمام گواہوں کے بیانات مکمل
اسلام آباد: احتساب عدالت میں سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسحٰق ڈار کے خلاف دائر عبوری ریفرنس میں تمام گواہوں کے بیانات مکمل ہوگئے جبکہ نیب پراسیکیوٹر سابق وزیر خزانہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحٰق ڈار کے خلاف نیب کے دائر ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر استغاثہ کے آخری گواہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انعام الحق کا بیان قلمبند کیا گیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسحٰق ڈار، ان کی اہلیہ اور بیٹے علی مصطفٰی ڈار نے 2، 2 کنال کے پلاٹ خریدے۔ گواہ نے مزید بتایا کہ ہر پلاٹ کے لیے 23 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرائے گئے جبکہ گواہ نے ممبر شپ اکاؤنٹس سے ادا کی گئی رقم کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرادیں۔
علاوہ ازیں نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے بتایا کہ چیئرمین نیب نے اسحٰق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ان کاکہنا تھا کہ اسحٰق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس پیر کو احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ بعد ازاں اسحٰق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت پیر 26 فروری تک ملتوی کردی گئی۔
اس سے قبل 14 فروری 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جائیداد ضبط کرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دیا تھا، یہ فیصلہ 7 فروری کو دلائل مکمل ہونے پر محفوظ کیا گیا تھا۔