عدالتی فیصلے بیگم کا حکم نہیں کہ نوازشریف نہ مانیں، فواد چوہدری
اسلام آباد: ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے بیگم صاحبہ کا حکم نہیں جو نواز شریف نہ مانیں انہیں عدالت نے نااہل کیا ہے اسے ماننا ہو گا۔ نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سپریم قائد منتخب کیا گیا ہے، اس سے پہلے صدام حسین اور معمر قزافی بھی سپریم قائد تھے، اللہ نواز شریف کو ایسے انجام سے بچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے فیصلے بیگم صاحبہ کا حکم نہیں جو نہ مانیں، انہیں عدالت نے نااہل کیا ہے اسے ماننا ہو گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ 4 مارچ سے عمران خان ملک گیر دوروں کا آغاز کر رہے ہیں، اسی دن سے انتخابی مہم شروع کردیں گے جب کہ پاکستان کی سیاست عمران خان کے دروازے پر جا رہی ہے، مسلم لیگ (ن) اس وقت 100 نشستوں کی پارٹی ہے جب کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف ہے۔