تیل کی قیمتوں میں اضافہ،عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش: عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی لیکن شریفوں اور ان جیسے دوسرے لوگوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت 3 روپے 56 پیسے فی لیٹر بڑھا دی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 88 روپے7 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 98 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 28 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 76 روپے 46 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 65 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
گزشتہ ماہ بھی وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔