ملک بھر میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ، بیشتر شہروں میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا
اسلام آباد: ملک کے متعدد شہروں میں صبح سے ہی سورج سوا نیزے پر آگیا ہے بھکر ،دادو ، بہاولنگر اور نورپورتھل میں پارہ 46 ڈگری کو چھو چکا ہے۔
پورے ملک کو گرمی نے پوری طرح اپنی گرفت میں جکڑ رکھا ہے اور صبح سے ہی سورج نے اپنی آنکھیں دکھانا شروع کردیں ۔ بھکر ، دادو، نورپور تھل اور بہاولنگر میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جوملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں اب تک کا سب سے ذیادہ ریکارڈ کیا جانے والا درجہ حرارت ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں لاہور، شہید بے نظیر آباد ، رحیم یار خان اوکاڑہ ، منڈی بہاؤالدین ٹوبہ ٹیک سنگھ اورقصور میں پارہ 45 ڈگری کو چھو گیا ہے، کوٹ ادو ، منگلا ،جھنگ ، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال اور مونجو دڑو میں 44 ، فیصل آباد ،خان پور ، ملتان ، گوجرانولہ اور لیہ میں 43، گجرات میں 42 ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور پشاور میں 40 ، سیدو شریف پنجگور 38 ، مظفر آباد میں 37 ، حیدر آباد 39 ، کراچی میں 36 ، کوئٹہ 35 ، گوادر اور پسنی 34 جبکہ مظفرآباد میں درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہزارہ ڈویژرن ، پشاور، کوہاٹ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔