پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی چیئرمین سینیٹ کیلیے متفقہ امیدوار لانے کی تیاریاں
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان در پردہ رابطوں کے بعد دونوں جماعتوں نے سینیٹ چیئرمین کے لئے متفقہ امیدوار میدان میں لانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پاکستان ویوز کے مطابق سینیٹ انتخابات کے بعد ملکی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف سیاسی رہنما کامیاب سینیٹرز سے پس پردہ رابطے کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان بھی رابطے جاری ہیں اور پی ٹی آئی چیئرمین سینیٹ کے لئے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے سینیٹر کی حمایت کرنے کو تیار ہے۔
ذرائع تحریک انصاف نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم نے پیپلزپارٹی کو تجویز دی ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے بغاوت کرکے آزاد سینیٹر منتخب ہونے والوں میں سے کسی چیئرمین کو لایا جائے جس کو ووٹ دینے کے لئے تیار ہیں لیکن چیئرمین سینیٹ کے لئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہیں دے سکتے تاہم ڈپٹی چیئرمین کے لئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کی جائے گی، تحریک انصاف نے مؤقف پیش کیا ہے کہ یہ تجویز باہمی تعاون پر کسی تنقید سے بچنے کے لئے دی گئی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے لئے آزاد سینیٹر امیدوار ہو گا تو تحریک انصاف کو تعاون میں آسانی ہوگی لیکن چیئرمین سینٹ پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی براہ راست سپورٹ کرنا پی ٹی آئی کے لئےمشکل ہوگا، تجویز ماننے کی صورت میں پی ٹی آئی ڈپٹی چیئرمین سینٹ پیپلزپارٹی کا ماننے کو تیار ہے۔