اسلام آباد

صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب، ڈپٹی چیئرمین کیلیے پولنگ جاری

اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں چیئرمین کے بعد اب ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار عثمان کاکڑ اور اپوزیشن جماعتوں کے سلیم مانڈوی والا مدمقابل ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے قبل ایوان بالا کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آیا، اس عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن اتحاد کے صادق سنجرانی میں مقابلہ تھا۔ صادق سنجرانی نے 57 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ راجہ ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے گزشتہ روز چیئرمین کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے سلیم مانڈوی والا کا نام پیش کیا تھا۔ فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ سینیٹ کا ایوان 104 ارکان پر مشتمل ہے جس میں ن لیگ کے 33، پی پی پی 20، پی ٹی آئی 12، آزاد 17، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی 4، پشتون خوا میپ 3، جماعت اسلامی 2 اور بی این پی مینگل، فنکشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close