عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔ سپریم کورٹ میں توہین عدالت سے متعلق متفرق درخواستوں کی سماعت ہوئی، اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے متعلق بیان پر2007 میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران وکیل حشمت حبیب کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس کو چلانا چاہتے ہیں، چیف جسٹس نے درخواست کو دوبارہ سماعت کے لیے مقررکرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، شہباز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں خارج کردیں جب کہ رحمان ملک کو توہین عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب عدالت نے دانیال عزیز، طلال چوہدری، خواجہ سعد رفیق، نیربخاری، فردوس عاشق اعوان اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست غیرمؤثر قرار دے کرنمٹادیں۔