سنجرانی کون ہے جسے چھ ووٹوں کے گروپ نے چیئرمین سینیٹ بنوا دیا، نواز شریف کا سوال
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ایک منتخب صوبائی حکومت کو ہٹا دیا گیا، کون ہے یہ سنجرانی؟ چھ لوگوں کے گروپ نے اسے نامزد کردیا اور آتے ہی وہ چیئرمین سینیٹ بن گیا، ان کے پیچھے جو ہیں وہ سب کو پتہ ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو میں تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی پر کڑی تنقید کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست کا مقصد صرف عوام کا دھوکا دینا ہے، یہ ہر وقت ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھتے ہیں اور ہمیشہ سے چور دروازے سے آنے کے خواہشمند ہیں، نوبت یہ آگئی ہے کہ سو دو سو لوگوں کے جلسے کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات وقت اور قوم کی ضرورت ہیں جو آئندہ الیکشن میں ہمارے منشور کا حصہ ہوں گی، اصلاحات کا دروازہ ہر وقت کھلا رہنا چاہیئے۔ ایک سوال پر نواز شریف نے کہا کہ تحریک عدل کیلئے کسی انٹرنیشنل فرم کی خدمات نہیں لیں، ہمارے پاس اپنا مواد بہت ہے، ہم کوئی نیب تو نہیں ہیں جو عالمی فرم کی خدمات لیں۔
نواز شریف نے کہا کہ عام حالات میں بہت ساری چیزیں سامنے نہیں آتی تاہم امتحان کے دور میں بہت ساری چیزیں واضح ہوجاتی ہیں۔ نواز شریف نے سوال کیا کہ انہیں مسلم لیگ کی صدارت سے ہٹانے کا کیا مقصد ہوسکتا ہے؟، شفاف انتخابات کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔