نادرا شناختی کارڈ کے حامل افراد کی تعداد 115 ملین ہوگئی
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 11 کروڑ 41 لاکھ 92 ہزار 450 پاکستانیوں کو نادرا کے کمپوٹرائزڈ کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر جاوید مرتضیٰ عباسی کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارت داخلہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ 11 کروڑ 41 لاکھ 92 ہزار 450 پاکستانیوں کو نادرا کے کمپوٹرائزڈ کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں 6 کروڑ 34 لاکھ 7 ہزار 315، سندھ کے 2 کروڑ 37 لاکھ 55 ہزار 847، خیبر پختونخوا کے اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 87 ہزار 87، بلوچستان کے 43 لاکھ 35 ہزار 501 افراد، اسلام آباد کے 13 لاکھ 34 ہزار 372 افراد، فاٹا کے 2 لاکھ 55 ہزار 762، گلگت بلتستان کے 6 لاکھ 71 ہزار 42 اور آزاد کشمیر کے 29 لاکھ 21 ہزار 524 افراد کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ مبینہ جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزارت داخلہ نے بتایا کہ جبری گمشدگیوں کے کمیشن آف انکوائری کی آخری ماہانہ رپورٹ 28 فروری کو موصول ہوئی ہے جس کے مطابق اس وقت ملک میں لاپتہ افراد کی تعداد ایک ہزار 640 ہے۔ صوبہ سندھ سے لاپتہ افراد کی تعداد 142 ہے، جن میں سے اکثریت کا تعلق کراچی سے ہے۔ اکتوبر 2014ء سے جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث کراچی میں لاپتہ افراد سے متعلق کیسز کی باقاعدہ سماعت کر رہے ہیں۔