اسلام آباد

مخالفین آل پاکستان مسلم لیگ کے خلاف پارٹی ختم ہوجانے کابے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں ،پرویز مشرف

بہت جلد پاکستان آکر پارٹی کی قیادت کروں گا،ملک کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے اس مقصد کے لئے پارٹی کارکنان منظم اور مستحکم ہوجائیں، پارٹی کی سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں راہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مخالفین آل پاکستان مسلم لیگ کے خلاف پارٹی ختم ہوجانے کابے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں ،بہت جلد پاکستان آکر پارٹی کی قیادت کروں گا،ملک کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے اس مقصد کے لئے پارٹی کارکنان منظم اور مستحکم ہوجائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پارٹی کی سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں راہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق اے پی ایم ایل کے مرکزی دفتر میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی زیرصدارت پارٹی کی سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اے پی ایم ایل کے سینئیرنائب صدر میجرجنرل(ر)راشد قریشی،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم،سیکرٹری ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چودھری اسد محمود اوررابطہ سیکرٹری سید مصطفیٰ شاہ کے علاوہ پارٹی کے چاروں صوبوں،آزاد کشمیر، فیڈرل کیپیٹل اور پارٹی کے تمام ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔تمام ذمہ داران نے اپنے اپنے صوبوں میں تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جولائی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس دوبئی میں منعقد کیاجائے گا جس کی صدارت پارٹی سربراہ جنرل (ر)پرویز مشرف کریں گے۔اجلاس میں آزاد کشمیر کے ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ملکی خزانہ لوٹنے والے سرعام سیاست کررہے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں لیکن ہمارے پارٹی چئیرمین پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کردئیے گئے ہیں تا کہ وہ سیاست میں حصہ نہ لے سکیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات ختم کئے جائیں۔

وزیراعظم دل کی سرجری کروانے لندن چلے گئے ہیں اور وہیں سے بیٹھ کر ملک چلا رہے ہیں۔یہ سب پانامہ لیکس سے بچنے کے لئے کیاجارہا ہے۔اگر پانامہ لیکس کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو سزا نہ دی گئی تو احتجاج کرنے والی جماعتوں کے ساتھ ہم بھی باہر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ہم پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں ان کا بھرپورساتھ دیں گے۔ان کا کہناتھا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف بہت جلد پاکستان آئیں گے اور پارٹی کی قیادت کریں گے۔اکتوبر میں ملک گیر پارٹی ورکرز کنونشن منعقد کریں گے اور2018کے انتخابات کے لئے پارٹی تیار کریں گے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close