چنگچی رکشہ ڈرائیور کے لیے لائسنس اور رکشوں کا فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چنگچی رکشہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق رکشہ ڈرائیور کے پاس لائسنس ہونا لازمی ہے۔ سپریم کورٹ نے چنگچی رکشہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، سپریم کورٹ نے چنگچی رکشہ چلانے کے لیے مختلف شرائط عائد کی ہیں جو چاروں صوبوں پر لاگو ہوں گی۔
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چنگچی رکشہ کے مینوفیکچرز کو باقاعدہ رجسٹرڈ اور منظوری لینا ہوگی، چنگچی رکشوں کو بھی ایکسائز آفس میں رجسٹرڈ اور فٹنس سرٹیفیکٹس کو آویزاں کیا جائے، اس کے علاوہ چنگچی کے لیے کرایہ نامہ منظور اور آویزاں کیا جائے جب کہ رکشہ ڈرائیور کے پاس لائسنس ہونا لازمی ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چنگچی رکشہ کی تیاری میں مسافروں اور ڈرائیورکی حفاظت یقینی بنائی جائے جب کہ عمل نہ کروانے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور فوجداری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس چنگچی رکشوں پر پابندی سے متعلق درخواست پر مختصر فیصلہ سنایا تھا۔