ملک بھرمیں گرمی کی شدت برقرار؛ تربت میں پارہ 46 تک چھوگیا
ملک کے بیشتر اضلاع میں صبح سے ہی موسم گرم اور خشک رہا جب کہ ملک کے کئی اضلاع میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسم بدستورخشک اورگرم رہا جب کہ ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج رات راولپنڈی، گوجرانوالہ،لاہور،سرگھودھا، فیصل آباد، پشاور،مردان اور کوہاٹ سمیت ملک کے بالائی علاقے مالاکنڈ ڈیویژنز،فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہرکیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 46 ، بے نظیر آباد میں 44، سکھر 43، بہاولنگر، بھکر، نوپور تھل، اوکاڑہ، ساہیوال 42، قصور،جہلم 41، بہاولپور،فیصل آباد، گجرات،جھنگ، جوہر آباد،خان پور،لیہ،منگلہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 40، راولپنڈی، پنجگور،ملتان، ڈی جی خان 39، سیدو شریف، سیالکوٹ 38، گوادر 36،چترال،گلگت 35 جب کہ کراچی میں 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان ، ڈی جی خان، بہاولپور جب کہ سندھ کے مختلف شہروں حیدر آباد، کراچی، سکھر اور میرپورخاص ڈویژنوں میں بھی تیز ہواوں کے چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔