کرپشن دہشت گردی سے بڑی لعنت
پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ کرپشن دہشت گردی سے بڑی لعنت ہے،حکومت کسی آئین کو مانتی ہے نہ کسی قانون کو، اب وقت آگیا ہے کہ ہم جھوٹے خداؤں سے چھٹکارا حاصل کریں۔
سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ریاست ماں ہوتی ہے اور ہم سب اپنی ماں کو ہی نوچ رہے ہیں ، عوام چاہتی ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات مکمل ہوں ، اپوزیشن حکومت کو پانامہ پیپرز کے معاملے میں اتنی آسانی سے نہیں چھوڑے گی،اپوزیشن پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ کرپشن اس ملک میں دہشت گردی سے بڑا ناسور ہے ،پانامہ لیکس کا معاملہ چھوٹا نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہم جھوٹے خداؤں سے چھٹکارا حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بڑے بڑے ناموں کو کوئی نہیں پوچھ رہا دوسری جانب عدالت نے کہا کہ ایمان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں نہ ڈالیں ،لیکن عدالتی حکم کے باوجود ایمان علی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے،جس سے صاف پتا چلتا ہے کہ حکومت کسی قانون اور آئین کو نہیں مانتی ۔