اسلام آباد

سنگین غداری کیس؛ پرویزمشرف کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد: چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیٰی آفریدی کی معذرت کے بعد سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔ پاکستان ویوز کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیٰ آفریدی نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد سابق صدر کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔

عدالتی حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے جسٹس یحیٰ آفریدی پر جانبداری کا الزام لگایا گیا تھا جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ جسٹس یحیٰ آفریدی سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کے وکیل رہ چکے ہیں۔

حکم نامے کے مطابق جسٹس یحیٰ آفریدی کبھی بھی سابق چیف جسٹس کے وکیل نہیں رہے بلکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے 3 نومبر کے اقدام کے خلاف بطور وکیل درخواست دائر کی تھی تاہم انصاف کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے بینچ سے علیحدگی اختیار کی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی فوجی آمر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی کارروائی کا آغاز کیا تاہم کئی برس گزر جانے کے باوجود اس میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close