اسلام آباد

سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے زندگی کی 60 بہاریں دیکھ لیں

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف آج اپنی 60 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 16 جون 1956 کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک فوجی خاندان میں آنکھ کھولی، راحیل شریف کے والد محمد شریف پاک فوج سے وابستہ تھے،  پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر پانے والے میجرشبیرشریف ان کے بڑے بھائی ہیں۔ اس کے علاوہ 1965 میں جام شہادت نوش کرنے والے میجرراجا عزیزبھٹی کے قریبی رشتے دار بھی ہیں۔

 

جنرل راحیل شریف گورنمنٹ کالج لاہورسے تعلیم حاصل کرنے بعد پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول  میں داخل ہوئےاور 1976  میں گریجویشن کے بعد انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی چھٹی بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔ جنرل راحیل شریف نے نوجوان افسر کی حیثیت سے پاک فوج کے انفنٹری بریگیڈ میں گلگت میں فرائض سرانجام دئیے جب کہ بریگیڈئیر کے طورپرسیالکوٹ بارڈر پر26 فرنٹیئرفورس اورکشمیرمیں 6 فرنٹیئرفورس رجمنٹ کی کمان سنبھالی۔

پاک فوج کے سربراہ  نے 2010 سے 2012 تک گوجرانوالہ کور کی قیادت کی، انہیں جنرل ہیڈ کوارٹرزمیں انسپکٹرجنرل تربیت اور تشخیص رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کو 27 نومبر 2013 کو پاک فوج کا سپاہ سالار مقررکیا جب کہ  انہوں نے 29 نومبر کو پاک فوج کی کمان سنبھالی اور 20 دسمبر 2013  کو راحیل شریف کو نشان امتیاز(ملٹری) سے نوازا گیا۔

جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کی کمان سنبھالی تو انہیں کئی چیلنجز درپیش تھے جس میں سب سے بڑا چیلنج ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ تھا جس کے خلاف سربراہ پاک فوج نے اپنی سپہ اور حکومت و قوم کی حمایت حاصل کرتے ہوئے بھرپور ایکشن کا فیصلہ کیا اور دہشت گردوں کا قلمع قمع کرنے کے لئے آپریشن “ضرب عضب” شروع کیا جس کے بعد سے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں خاطر خواہ کمی بھی واقع ہوئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close