اسلام آباد

سیاسی عدم استحکام آیا تو معیشت کریش کر جائیگی، احسن اقبال

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا اگر حکومت متاثر ہوئی تو گلے کا پھندا بھی بن سکتی ہے۔ نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے بیرونی دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دے رہی تھی، زرداری کی کرپشن کے بعد لٹا پٹا ملک ہمارے سپرد کیا گیا، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ہمیں ورثے میں ملی تاہم ہم نے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ اگر معیشت مضبوط نہ ہوئی تو اسلحے کے انبار لگانا بیکار ہے، ہمیں اپنی معیشت مضبوط کرکے ملک کو مقابلے کے لئے تیار کرنا ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا تو معیشت کریش کر جائے گی اور اگر معیشت کریش کرگئی تو سرمایہ کاری کا بوجھ برداشت نہیں کر سکیں گے، پاکستان اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے اور اربوں ڈالرز کے منصوبے زیر تعمیر ہیں، اب قوم نے انتخابات میں مثبت پالیسیوں کے تسلسل کا فیصلہ کرنا ہے کیوں کہ آئندہ انتخابات ملک کے مستقبل کا الیکشن ہے، اگر ایسا نہ ہوا اور حکومت تبدیل ہو گئی تو 5 سالہ کامیابیاں واپس ہوجائیں گی، حکومت کا متاثر ہونا گلے کا پھندا بھی بن سکتا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دورِ اقتدار میں ہی سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا جو اب ایک حقیقت میں بدل چکا ہے، آج پاکستان کو خراب معیشت کہنے والے ابھرتی معیشت کہتے ہیں، غازی بروتھا کے بعد کسی نے بڑا آبی منصوبہ نہیں بنایا تھا لیکن پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے ایک سو ارب روپے سے زمین خریدی جس کی تعمیر رواں برس ہی شروع ہوجائے گی، اس کے علاوہ اربوں ڈالرز کے منصوبے زیرِ تعمیر ہیں، اب ملکی ترقی سے خائف عناصر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close