میرے خلاف جے آئی ٹی کی چالاکیوں کا پول کھل گیا ہے، نواز شریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیب مقدمہ صرف یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن نہ جیت سکے۔ نیب مقدمے کی سماعت کے لیے احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام سازشوں کے باوجود نون لیگ 2018ء کا الیکشن جیتی نظر آ رہی ہے، یہ سینیٹ الیکشن نہیں ہے جسے کوئی روک سکے، یہ عوام کا طوفان ہے جس سے کوئی نہیں ٹکرا سکتا، مگر چند افراد اسے روکنے میں لگے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ نون لیگ 2018ء کا الیکشن جیتے اور نیب مقدمہ بھی صرف یہی ہے کہ ن لیگ الیکشن نہ جیت سکے۔
مسلم لیگ کے قائد نے کہا کہ نیب مقدمے سے عوام کے سامنے ہمارے خلاف الزامات کا بھانڈا پھوٹا ہے، پوری قوم جان چکی ہے کہ اصل میں کیس ہے کیا، ایک ہی تکرار ہے بس نواز شریف کو سزا ہو، مجھ پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں، پھر بھی مقدمہ چلایا جا رہا ہے، اس کا مقصد ہے کہ مجھے سزا ہو، سزا کس بنیاد پر دینی ہے اس کا جواب نہیں ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف جے آئی ٹی کی چالاکیوں کا پول کھل گیا ہے اور عوام کے سامنے الزامات کا بھانڈا پھوٹ گیا، ہم نے مقدمے کا بائیکاٹ نہیں کیا، بلکہ کیس لڑا ہے، کیا چوری ہوئی، کہاں چوری ہوئی، کس نے چوری کی؟، چوری کا پتہ ہےنہ مسروقہ مال کا، پوری قوم جان چکی ہے اصل میں کیس ہے کیا؟، واجد ضیا کسی سوال کا جواب نہیں دے سکے، سپریم کورٹ نے اقامہ اور خیالی تنخواہ پر فیصلہ کیا۔