اثاثہ جات کیس؛ اسحاق ڈار کے تینوں شریک ملزمان پر فرد جرم عائد
اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے ضمنی ریفرنس میں تینوں شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ پاکستان ویوز کے مطابق احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔ ضمنی ریفرنس میں شامل تینوں شریک ملزمان نعیم محمود، منصور رضا منصوری اور صدر نیشنل بینک سعید احمد پر فرد جرم عائد کردی گئی، تاہم تینوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے 11 اپریل کو استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناماکیس کے فیصلے میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔ اسحاق ڈاراور ان کے اہل خانہ کے خلاف 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو 91 گنا بڑھے۔ اس کیس میں اسحاق ڈار پر ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردیاتھا۔