اسلام آباد

پنکچر لگانے والے ایمپائر قبول نہیں کرینگے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق نگراں حکومت ملک میں صاف شفاف الیکشن کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی تھی لیکن اب ہم الیکشن میں پنکچر لگانے والے امپائر قبول نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے انتخابات میں نواز شریف اور آصف زرداری نے مک مکا کر اپنے امپائر کھڑے کئے، تمام ریٹرنگ افسران (آر اوز) بھی دھاندلی میں ملوث رہے جنہوں نے میچ فکس کیا، اس بات کو تمام سیاسی جماعتوں نے تسلیم کیا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی نے پیسہ پانی کی طرح بہایا لیکن اس بار ہم پورا زور لگائیں گے کہ نیوٹرل امپائر ہوں اور ایسی نگراں حکومت آئے جس کی نگرانی میں شفاف الیکشن ہوں۔ آصف زرداری کو پیسہ لگانے سے بھی وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں ملے گا، پچھلی بار پنکچر لگانے والے امپائر آئے تھے اس بار قبول نہیں کریں گے، ضرورت پڑی تو سڑکوں پر بھی نکلیں گے لیکن کسی صورت پنکچر لگانے والے امپائر قبول نہیں کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی تھیں کہ بیرون ملک تو کیا ہماری پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، لیکن پاناما میں پکڑے جانے کے بعد انہوں نے سب تسلیم کیا اور جے آئی ٹی نے ان کی ساری جعلسازی بیان کردی، پھر شریف فیملی نے اپنے فلیٹس بھی تسلیم کئے، قطری خط کو نواز شریف اور مریم نے خود ہی مسترد کر دیا، ہمارا سوال صرف اتنا ہے کہ نواز شریف بتائیں پیسا کیسے کمایا اور باہر کیسے بھجوایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close