اسلام آباد

صدر مملکت نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا آرڈیننس جاری کردیا

اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 اپریل کو پریس کانفرنس کے ذریعے ٹیکس اصلاحات اور ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا جس میں سالانہ 12 سے 24 لاکھ روپے آمدن پر 5 فیصد ، سالانہ 24 سے 48 لاکھ روپے آمدن پر 10 فیصد اور سالانہ 48 لاکھ سے زائد آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا تھا جب کہ سالانہ 12 لاکھ روپے آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ سیاسی لوگ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے تاہم جو ٹیکس ایمنسٹی حاصل کرے گا وہ ٹیکس نیٹ میں نہیں آئے گا اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 30 جون تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے جب کہ یہ اسکیم کسی ایک شخص کے لیے نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کے لیے ہے، جن لوگوں کے اثاثے باہر ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ بھر کر ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اوراس اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے قانون کی گرفت میں آجائیں گے، آف شور کمپنی بھی اثاثہ ہے اس کو بھی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جس کے پاس شناختی کارڈ نمبر ہوگا وہی این ٹی این نمبر بھی ہوگا،جو لوگ ٹیکس ادانہیں کرتے ان کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں جب کہ ٹیکس وصولیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کومسترد کرچکی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close