اسلام آباد

چیئرمین پیمرا کی انتخابی کمیٹی سے مریم اورنگزیب کو نکال دیا گیا

چیف جسٹس کے حکم پر چیئرمین پیمرا کا انتخاب کرنے والی کمیٹی سے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کو نکال دیا گیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے بتایا کہ حکومت نے الیکٹرانک میڈیا کے نگراں ادارے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، وزیراعظم کی منظوری سے کمیشن کی تشکیل کی گئی، جس میں نمایاں صحافی اور پی بی اے کے چیئرمین کو شامل کیا گیا ہے، کمیشن چیئرمین پیمرا کے لئے 3 ممبران کے پینل کا انتخاب کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے پیمرا چیئرمین کے انتخاب کی سرچ کمیٹی کو تبدیل کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کو کمیٹی سے نکال دیا، اور ان کی جگہ کمیٹی میں سیکرٹری اطلاعات کو شامل کردیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مریم اورنگزیب بیانات دینے میں مصروف ہوں گی، ان کے لیے کمیٹی کے لئے وقت نکالنا ممکن نہیں ہوگا۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ پیمرا قانون میں ترمیم کے حوالے سے کیا کیا گیا؟، جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ پیمرا قانون میں کیا غلط خبروں سے متعلق کوئی شق ہے؟، جعلی خبریں بہت اہم مسئلہ ہیں، ملائیشیا میں جعلی خبر کو فوجداری جرم بنادیا گیا ہے۔ رانا وقار نے کہا کہ جعلی خبروں کی روک تھام کرنا نہایت ضروری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close