اسلام آباد
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی ویڈیو بنانیوالا مشکوک ڈرون تباہ، مشکوک چینی باشندے گرفتار
اسلام آباد ایئر پورٹ پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے ویڈیو بنانے والے ایک مشکوک ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ ترجمان کے مطابق 3 چینی باشندے ڈرون کے ذریعے اسلام آباد ایئر پورٹ کی ویڈیو بنارہے تھے کہ اے ایس ایف اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے ڈرون کیمرہ تباہ ہوگیا جب کہ خلاف ورزی کرنے والے چینی باشندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چینی باشندوں اور تباہ شدہ ڈرون کیمرے کو سکیورٹی فورس نے تحویل میں لے لیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کا نیا ایئر پورٹ ملک کا جدید ترین ہوائی اڈہ ہے تاہم ابھی تک یہ باقاعدہ طور پر آپریشنل نہیں ہوا۔ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر بغیر اجازت ائیر پورٹ کی تصاویر لینا یا وڈیو بنانا ممنوع ہے۔