پارلیمنٹ سپریم ہوگی تو ملک ترقی کریگا، وزیراعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ہوگی تو ملک ترقی کرے گا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہوتی ہے، کسی ملک نے جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں کی، پارلیمنٹ سپریم ہوگی تو ملک ترقی کرے گا۔ بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان نہیں ہوتا، حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا آسان ہوتا ہے، ہم نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا ہے، ہم نے جو منصوبے شروع کیے وہ پورے بھی کیے۔ ملک میں ہزاروں کلومیٹر شاہراہیں بن رہی ہیں، ہم نے 10 ہزار میگاواٹ سےزائد بجلی سسٹم میں شامل کی، گیس کی طلب و رسد کا فرق مٹایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں فضائی سفر ضرورت بن گیا ہے، ہمیں وقت کے ساتھ چلنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا، نیو اسلام آباد ایئر پورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہے، یہ منصوبہ سالہا سال تاخیر کا شکار تھا، یہ ایئر پورٹ ہماری گزشتہ پانچ سال کی کارکردگی کی مثال ہے، لاہور ایئر پورٹ کی توسیع اسی ماہ شروع کی جائے گی۔