عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کی 3 اہم وکٹیں اُڑا دیں، رضاحیات ہراج بھی شامل
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں نے ملاقات کی، ن لیگ کے ایم این اے رانا عمر نذیر، ان کے والد، سابق وزیر رانا نذیر جبکہ رکن صوبائی اسمبلی راحیلہ یحیی منور نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ملک نعمان لنگڑیال، قصور سے سردار آصف نکئی، خانیوال سے سردار رضا حیات ہراج نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں سیاسی رہنمائوں نے جنوبی پنجاب کی سیاست پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔
علاوہ ازیں خانیوال سے ممبر صوبائی اسمبلی عبدالرزاق خان نیازی نے بھی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین نے شامل ہونے والے رہنمائوں کو پی ٹی آئی کے رومال بھی پہنائے، ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین، صوبائی صدر پنجاب اسحاق خاکوانی بھی موجود تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی عبدالرزاق نیازی نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ضلع خانیوال سے مزید وکٹیں گریں گی۔