اسلام آباد
ہائیکورٹ نے بھرتیوں پہ پابندی ختم کردی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ترقیاتی کاموں، تبادلوں اور بھرتیوں پر پابندی سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی کیخلاف وفاق اور صوبوں کی درخواستوں کی سماعت کی، جس میں الیکشن کمیشن کے 11 اپریل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں، تبادلوں اور بھرتیوں پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی ختم کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ترقیاتی کاموں، تبادلوں اور بھرتیوں پر 11 اپریل کو پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔