نواز شریف، مریم نواز کی تقاریر میری صوابدید پر پی ٹی وی سے براہ راست نشر ہوں گی، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کی تقاریر نشر کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرا صوابدیدی اختیار ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سابق وزیراعظم اور مریم نواز کی پی ٹی وی پر براہ راست تقریر دکھانے پر اعتراض کرتے ہوئے وزارت اطلاعات سے خبرنامے کی نشریات کی شرح طلب کرلی گئی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پی ٹی وی پر صرف ایک جماعت، ایک شخص اور اس کی بیٹی کو کوریج دی جارہی ہے، لیکن پی ٹی وی کو ڈکٹیٹرشپ کے طریقے سے چلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر ایک نااہل شخص اور اس کی بیٹی کی 3،3 گھنٹے براہ راست تقاریر دکھائی جاتی ہیں اور اس طرح کی نشریات پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ نہ ہو کہ پی ٹی وی پر مجھے کیوں نکالا کے عنوان سے ڈراما چلایا جائے۔ پی ٹی آئی سینیٹر نے وزارت اطلاعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی ہوم اور اسپورٹس پر بھی نواز شریف کو دکھا دیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ کابینہ نے مجھے پالیسی کا اختیار دیا ہے اور یہ میرا صوابدیدی اختیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف قومی لیڈر ہیں، 3 مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں اور اگر نواز شریف اور مریم نواز 5 گھنٹے تقریر کریں تو براہ راست دکھائیں گے۔