معروف براڈکاسٹر آغا ناصر انتقال کر گئے
پاکستان میں ریڈیو اور ٹی وی اور فلمی صنعت سے منسلک رہنے والی معروف شخصیت آغا ناصر کا اسلام آباد میں انتقال ہوگیا ہے۔
ان کی عمر 79 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔
میں ممبئی میں پیدا ہونے والے آغا ناصر پاکستان میں سرکاری ریڈیو اور ٹی وی پر کئی اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے۔
انھوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1955 میں ریڈیو پاکستان میں بحیثیت براڈکاسٹر کیا تھا اور بعد ازاں وہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
1964 میں وہ پی ٹی وی سے منسلک ہوگئے تھے اور یہاں بطور ہدایتکار اور پروڈیوسر کام کیا۔
وہ کچھ عرصے کے لیے پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے۔
آغا ناصر کی ایک تخلیق ’تعلیم بالغاں‘ کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے بہترین ڈراموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
انھوں نے کئی فلموں میں ہدایت کاری بھی کی جن میں وحید مراد اور طلت اقبال جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔
وہ ایک اچھے مصنف بھی تھے انھوں نے کل چھ کتابیں تحریر کیں اور ان کی ثقافت پر تحریروں کو کافی پسند کیا گیا۔
اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک نجی ٹی وی چینل سے بھی منسلک رہے۔
انھیں ان کی خدمات کے نتیجے میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔